نیپال کی حکومت نے پٹرول بچانے کے لیے ملک بھر میں گاڑی چلانے پر پابندی لگا دی ہے۔ نیپال میں نئے دستورکے خلاف مدھیسی برادری برہم ہیں۔ اس دستور کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں اب تک 40 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
نیپال کا زیادہ تر انحصار بھارت کے ساتھ زمینی راستے سے ہونے والی تجارت پر ہے اور یہ راستہ نئے دستور کے خلاف احتجاج کرنے
والوں نے گزشتہ کئی روز سے بند کر رکھا ہے، جس کے بعد نیپال میں ایندھن کی قلت کے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔
نیپالی حکومت نے ایندھن کی کمی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک بھر میں گاڑیاں ایک دن چھوڑ کر چلائی جا سکتی ہیں، یعنی ایک دن صرف وہ گاڑیاں سڑک پر آئیں گی، جن کی نمبر پلیٹیں طاق عدد پر ختم ہوتی ہیں اور دوسرے دن صرف وہ گاڑیاں جن کے رجسٹریشن نمبر جفت عدد پر ختم ہوتے ہیں۔